عظمیٰ نیوزسروس
ریاض//سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے اس سال 1444 ہجری کے حج سیزن کے لیے صحت کے منصوبوں کی کامیابی کا اعلان کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ صحت عامہ کے لیے کسی بھی وباء یا خطرات سے محفوظ رہا ہے۔انہوں نے منیٰ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے ایک بیان میں کہا،’’خدا کے فضل سے، اور خادم حرمین شریفین کی زبردست حمایت اور ولی عہد کی ہدایات کے تحت، مجھے اس سال 1444ھ کے لیے حج کے دوران صحت کے منصوبوں کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ موسم حج کسی بھی وبا یا صحت عامہ کو لاحق خطرات سے محفوظ تھا۔‘‘کرونا وبا کے بعد اس حج سیزن میں حجاج کی تعداد اور سفری پابندیوں میں خاتمے کے نتیجے میں اس سال بڑی تعداد میں حجاج نے فریضہ حج ادا کیا۔
انہوں نے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی سربراہی میں اعلیٰ حج کمیٹی کی جانب سے صحت کے تمام چیلنجوں پر قابو پانے میں ادا کیے گئے کردار کی تعریف کی، اور صحت کے منصوبوں پر عمل درآمد میں فعال کردار ادا کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔اس کامیابی کو حاصل کرنے کے لیے تمام سرکاری اداروں کے درمیان انضمام اور خدا کے مہمانوں کے پروگرام کے تحت حج سیزن کی ابتدائی تیاری کے لیے انہوں نے خادم حرمین شریفین کے مشیر ، مکہ مکرمہ کے گورنر، مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد بن فیصل بن عبدالعزیز اور شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز، مکہ المکرمہ کے نائب گورنر، مرکزی حج کمیٹی کے نائب چیئرمین کے کردار کی تعریف بھی کی۔