جموں // جموں جوائنٹ سٹوڈنٹس فیڈریشن نے اُن پرائیویٹ سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،جو ہر سال طلاب کے لئے بھاری داخلہ فیس حاصل کرتے ہیں۔ منگل کے روز یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے جے ایس ایف کے ریاستی نائب صدر اتل سودن نے سرکار سے ایسے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،جو ہر سال طلاب سے بھاری فیس وصول کرتے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ سے ایسے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،جو عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلاب سے بھاری ایڈمشن / ٹیوشن فیس اور سالانہ اخراجات وصول کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بعض پرائیویٹ سکول ہر سال داخلہ فیس میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماہانہ ٹیوشن فیس میں بھی بھاری اضافہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض پرائیویٹ تعلیمی ادارے والدین کو اپنے بچوں کے لئے کتابیں سکول سے یا کسی مخصوص کتب فروش سے ہی خریدنے پر مجبور کرتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے ان قصور وار سکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کی مانگ کی۔پریس کانفرنس میں رجت شرما ، انیل شرما ، آدرش بخشی، سنی شرما ، رمن شرما ،روہت کمار وغیرہ بھی موجود تھے۔