جموں //جموں میونسپل کارپوریشن کی پبلک سینیٹیشن کمیٹی کے چیئرمین بلدیو سنگھ بلوریہ نے وارڈ نمبر 22 اور وارڈ نمبر 23 کا دورہ کرکے وہاں مکینوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کی۔ ایک بیان کے مطابق انہوںنے علاقہ کی نالوں کی صفائی و ستھرائی کا معائینہ کیا۔انکے ہمراہ مقامی کارپوریٹر پون سنگھ ،جے دیپ شرما ، بی جے پی جموں کے ضلع جنرل سیکرٹری ونے گپتا اور پارٹی کے ستواری،جموں کے منڈل صدر چودھری ہربنس بھی تھے۔بلاوریہ نے نانک نگر، سنجے نگر، شاستری نگر علاقوں کا دورہ کیا اور لنڈوئی چھوئی نالہ کی صفٖائی کا معائینہ بھی کیا۔نالہ کی گندگی اور علاقہ میں نا مناسب صفائی کو دیکھ کر انہوں نے میونسپل عملہ کو صفائی ستھرائی کا کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے علاقہ کے اہم مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے جے ایم سی عملہ سے فوری طور سے ذخیرہ کئے ہوئے کوڑا کرکٹ کو سڑک سے ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کھلی نالیوں کو بھی ڈھکنے کی ہدایت دی۔بلاوریہ نے نئی بستی کے نزدیک بازار ایسو سی ایشن کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد نالہ سے ملبہ اُٹھانے کو کہا۔ لوگوں کی لگاتار مانگ کے پیش نظر بلاوریہ نے شمشان گھاٹ شاستری نگر کی صفائی و ستھرائی بر قرار رکھنے کیلئے ایک صفائی کرمچاری کو وہاں پر تعینات کرنے کا بھروسہ دلایا۔انہوں نے رام پورہ کا بھی دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میںانکے ساتھ براہ راست رابطہ کرنے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ جے ایم سی ہمیشہ لوگوں کی خدمت کرنے کیلئے تیار ہے۔اس موقعہ پر نریندر گپتا، ترسیم شرما ، کے ایل شرما ،نوین گپتا و دیگراں بھی انکے ہمراہ تھے۔