عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری سے منسلک ہسپتال کے قریب اٹینڈنٹ سرائے (تیمارداروں کے قیام کے لئے سرائے) کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ یہ سرائے خاص طور پر اْن تیمارداروں کے لئے بنائی جا رہی ہے جو اپنے مریضوں کے علاج کے دوران طویل عرصہ ہسپتال میں قیام پر مجبور ہوتے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق اس اہم فلاحی منصوبے کے لئے فنڈز اننت ناگ–راجوری لوک سبھا حلقہ کے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد کی جانب سے فراہم کئے گئے ہیں۔ اس اقدام کو عوامی حلقوں نے سراہتے ہوئے اسے صحت کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ہسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں مریض دور دراز علاقوں سے علاج کی غرض سے آتے ہیں، جن کے ساتھ تیماردار بھی ہوتے ہیں۔ قیام و طعام کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اٹینڈنٹ سرائے کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد تیمارداروں کو رہائش کے لیے ایک باوقار اور محفوظ جگہ میسر آئے گی، جس سے ان کی پریشانیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سہولیات صحت کے اداروں کے قریب نہایت ضروری ہیں کیونکہ اکثر غریب اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہوٹلوں یا کرایہ کے کمروں کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔ سرائے کی دستیابی سے انہیں بڑی مالی اور ذہنی راحت ملے گی۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ مریضوں کے تیماردار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام انسانی ہمدردی کی ایک بہترین مثال ہے اور خطے کے لوگوں کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہوگا۔