محمد تسکین
بانہال// مسلسل برفباری کے باعث جواہر ٹنل کی سابقہ جموں۔سرینگر قومی شاہراہ بھی مکمل طور پر بند ہو گئی اور بیکن کی طرف سے برف صاف کرنے کی کوشش کے باوجود یہ اہم سڑک بحال نہ ہوسکی ۔ بانہال سے درشی پورہ، چریل، ٹھٹھاڑ، نوگام اور جواہر ٹنل کو جوڑنے والی اس سڑک پر بیکن کی جانب سے بحالی کی کوششیں برفباری کے سبب ممکن نہ ہو سکیں۔نوگام کے مقامی شہری خواجہ شکیل احمد وانی نے بتایا کہ بانہال، ویری ناگ اور قاضی گنڈ کو جوڑنے والی تقریباً 35کلومیٹر طویل اس شاہراہ کی بندش سے ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہو گئے ہیں اور ملازمین، طلبہ اور مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ بانہال سے نوگام تک سڑک سے برف صاف نہ ہونے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کیلئے پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس سے لدھے ٹینکروں کو اسی سابقہ شاہراہ سے چھوٹا جاتا ہے تاہم بیکن کی طرف سے اس اہم سڑک کو بحال کرنے کی طرف توجہ نہیں دی گئی ہے۔