بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر واقع جواہر ٹنل کی تجدید و مرمت کا کام کرکے اسے ایک سمارٹ اور انٹیلیجنٹ ٹنل کے طور بحال کرنے کیلئے پروجیکٹ بیکن نے کام ہاتھ میں لیا ہے اور ٹنل پروجیکٹ کام بانہال کی مقامی تعمیراتی کمپنی بیگ کنسٹرکشن کو سونپ دیا گیا ہے ۔ اڈھائی کلومیٹر لمبی جواہر ٹنل کی دو سرنگوں کی ماڈرن نائزیشن پر قریب اسی کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جارہی ہے اور اسے سیاحتی مرکز کے طور ابھارا جائیگا ۔جمعہ کے روز جواہر ٹنل پروجیکٹ کی بحالی کیلئے بیگ کنسٹرکشن کمپنی کی طرف سے شروع کئے گئے کام کا جائزہ لینے کیلئے چیف انجینئر بیکن آئی کے جگی نے ٹنل کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران بیگ اور بیکن کے ماہرین اور افسر بھی موجود تھے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آئی کے جگی نے بتایا کہ حفاظتی نقطہ نگاہ سے اہم جواہر ٹنل کو آپ گریڈ کرکے اسے ایک جدید ٹنل کے طور بنایا جارہا ہے اور چھ دہائی پرانی جواہر ٹنل اب سیاحتی مرکز کے طور ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کے اندر مانیٹرنگ ، فائر فائٹنگ اور دھواں خارج کرنیکا جدید نظام متعارف کیا جائے گا اور اس پر قریب 75 سے 80 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کے اندر پانی کا اخراج اہم معاملہ ہے اور مرمت کے دوران اسے بھی ٹھیک کیا جائیگا۔ چیف انجینئر بیکن نے مزید بتایا کہ یہ شاہراہ مسلسل متبادل کے طور کام کرتی رہے گی اور حفاظتی اعتبار سے بھی ملک بھر میں نامور جواہر ٹنل کی اہمیت اپنی جگہ قائم ہے اور یہ ایندھن بردار ٹینکروں اور بارودی مواد والی گاڑیوں اور مزید سول اور فوجی ٹریفک کیلئے برابر استعمال ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں اور برفباری کے دوران جواہر ٹنل میں ایک سرنگ کے اندر جاری کام کو چلائے رکھنے کیلئے طریقہ کار اپنانے اور حکمت عملی بنانے کیلئے وہ بیکن کے ماہرین لیکر آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جواہر ٹنل کے اوپر پیر پنجال سے ہوتے ہوئے جانے والی BANIHAL OLD ALIGNMENT ایک مکمل دو طرفہ ٹریفک کے قابل سڑک ہے ۔ اس موقع پر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران بیگ نے کہا کہ جواہر ٹنل کے اندر سڑک اور اس کے آس پاس کو اپگریڈ کیا جائیگا اور اس میں یورپین ممالک کی سطح کا الیکٹرو مکینیکل سسٹم متعارف کیا جائیگا۔ نیز اسے جدید سی سی ٹی وی کیمروں اور مانیٹرنگ ، پبلک ایڈرس ، فائرنگ فائٹنگ اور دھواں اخراج کرنے کے سسٹم سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جواہر ٹنل پروجیکٹ کو ایک سال کے وقت میں مکمل کرنے کی ڈیڈلائن ہے اور کمپنی مقررہ مدت میں اسے مکمل کرے گی۔ انہوں کہا کہ بی بی سے نے بانہال ریلوے ٹنل اور کشتواڑ ٹنل پروجیکٹ کی طرح جواہر ٹنل پروجیکٹ میں بھی مقامی بیروزگاروں اور تربیت یافتہ لوگوں کو ترجیح دی ہے اور جواہر ٹنل میں کام کرنے والی ٹیم میں 70 ورکر کام کر رہے ہیں جن میں سے پچاس بانہال کے مقامی لوگ ہیں۔