ظفر اقبال
اوڑی//اسمبلی ممبر اوڑی اور سینئر نیشنل کانفرنس رہنما ڈاکٹر سجاد شفیع نے عوامی خدمت کی ایک مثال قائم کرتے ہوئے حالیہ برف باری اور تیز ہوائوں سے ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا ۔انہوں نے اوڑی، بونیار اور شیری کے ہسپتالوں کے اچانک معائنہ کے دوران پیرا میڈیکل عملے کی دستیابی کا جائزہ لیا اور مریضوں کی حالت کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈاکٹر سجاد نے پی ایم جی ایس وائی اور آر اینڈ بی سمیت متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ فوری طور پر مشینری تعینات کر کے جنگی بنیادوں پر سڑکوں سے برف ہٹائیں۔انہیں بتایا گیا کہ سب ڈویژن اوڑی میں تقریباً 70فیصد سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے۔ایم ایل اے نے بونیار تحصیل ہیڈکوارٹر میں کئی گھنٹے گزارے، جہاں انہوں نے تحصیلدار کے دفتر میں کنٹرول روم کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امدادی اور ردِعمل کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کی جس کا مقامی لوگوں نے مشاہدہ کیا اور بعد میں ان کی لگن اور اندازِ کار کو سراہا۔ڈاکٹر سجاد شفیع کی کوششوں کو وسیع پیمانے پر پذیرائی ملی، حتی کہ ناقدین نے بھی اعتراف کیا کہ اوڑی میں کسی عوامی نمائندے کی جانب سے اس نوعیت کی متحرک اور زمینی سطح پر موجودگی پہلے دیکھنے کو نہیں ملی۔