ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں جنگلی جڑی بوٹیوں کی غیر قانونی طور پر ہورہی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے محکمہ جنگلات نے ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت گذشتہ شب جنگلات ڈویژن بھدرواہ کے رینج بھلیسہ و بلاک نیلی کے کمپارٹمنٹ 63/68 میں رینج آفیسر سریش جموال کی قیادت میں ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر و کنزرویٹر چناب سرکل ستپال کی زیر نگرانی 1لاکھ کے قریب مالیت کی جنگلی جڑی بوٹی ضبط کی ہے۔ گندوہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران رینج آفیسر نے کہا کہ اعلیٰ حکام کی زیر نگرانی مصدقہ اطلاع ملنے پر بھلیسہ کے دور دراز علاقہ کالجگاسر سیرو میں یہ کارروائی انجام دی گئی جس دوران 38 کلو بنکاکڑی و 90 بھوت کشی (جنگلی جڑی بوٹی کی ایک خاص قسم) ضبط کی تاہم اسمگلروں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوئے۔ جنگلات کے ناجائز کٹاو¿ و غیر قانونی طور پر استعمال کئے گئے مکینیکل کٹروں کے استعمال پر انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگل مافیا کے خلاف کمربستہ ہے۔رینج آفیسر نے کہا کہ گذشتہ ماہ بھلیسہ میں 4 مکینیکل کٹر ضبط کر کے دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور جنگلات ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اسمگلروں کا پیچھا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جنگل مافیا زیادہ تر نقصان رات کے دوران کرتے ہیں اور ان کے پاس تیز دھار ہتھیار ہوتے ہیں ،لیکن محکمہ کے ملازمین کو صرف وردی و ڈنڈے کا سہارا ہوتا ہے۔انہوں نے سیول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ جنگلات کے تحفظ کیلئے محکمہ کو اپنا تعاون فراہم کریں۔