جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی 4 اور5 ستمبر 2018 کودوروزہ آل انڈیا اُردوکُتب نمائش کااہتمام کررہاہے جس میںملک کے مختلف کتب فروش اورپبلیشر شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں منعقدہونے والی کُتب نمائش میں اپنے سٹال لگائیں گے ۔کُتب نمائش کاافتتاح وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسرایم۔کے دھر کریں گے جبکہ افتتاحی تقریب کی صدارت کے فرائض پروفیسرصاحب علی صدرشعبہ اُردوممبئی یونیورسٹی انجام دیں گے۔اس کے علاوہ ایک کتاب کی رسم اجراء تقریب کابھی اہتمام کیاجارہاہے جسے پروفیسرشہاب عنایت ملک صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی اورڈاکٹرشہنازقادری صدرشعبہ اُردوایم اے ایم پی جی کالج جموں نے مرتب کیاہے ۔وائس چانسلرجموں یونیورسٹی ودیگرمعززشخصیات ’’اُردومیں خطوط نگاری کی روایت اورتسلسل کے امکانات ‘‘موضوع پر تالیف کردہ کتاب کااجراء کریں گے۔ کتاب ہذاشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں گذشتہ برس منعقدہ دوروزہ قومی سیمینارکے دوران اُردواسکالروں کی جانب سے پڑھے گئے مقالہ جات کامجموعہ ہے ۔500صفحات پرمشتمل اس کتاب کوقاسمی کُتب خانہ جموں نے شائع کیاہے جس میں پروفیسرصغیرافراہیم،پروفیسرخواجہ اکرام الدین،پروفیسرشہپررسول، ڈاکٹرتقی عابدی ،پروفیسرایم اے وانی واُردوکے دیگراسکالروں کے مقالات شامل کیے گئے ہیں۔ کتاب کی رسم اجراء تقریب کے دوران محمدآصف ملک اسسٹنٹ پروفیسرباباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری اورڈاکٹر فرحت شمیم اسسٹنٹ پروفیسرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کتاب سے متعلق تفصیلی مقالہ پیش کرکے اس کی خوبیاں وخامیاں اُجاگرکریں گے۔ کتب نمائش میں لگ بھگ 5000کتابوں کواُردوطلباء کیلئے دستیاب رکھاجائے گا۔ ایم اے اُردوکی نصابی اورریسرچ سے متعلق کتب بھی پبلشروں کی جانب سے رعایتی نرخوں پرطلباء کوفروخت کی جائیں گے۔کتاب کی رسم رونمائی تقریب اور آل انڈیا اُردوکتب نمائش میںمحبان اُردوکی کثیرتعدادکی شرکت متوقع ہے۔