جموں //کانگریس لیڈر شام لعل شرما نے کہا ہے کہ صوبہ جموں کی تعمیر وترقی کیلئے علاقائی کونسل وقت کی ایک اہم ضرورت ہے جبکہ ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ صوبہ کی ترقی کیلئے فنڈز اضلاع اور آبادی کے اعتبار سے وگزار کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ علا قائی خود مختاری کی وجہ سے ریاستی عوامی کی اقتصادی حالت کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے سیاست پارٹیو ں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر جیسی حساس ریاست میں کچھ مفاد پر ست سیاسی پارٹیاں عوام کو خطوں ،مذہب اور فرقو ں میں تقسیم کرنے کیلئے کئی پالیسیوں پر گامزن ہیں جبکہ کانگریس ایسی مفاد پرست پارٹیوں کی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔کانگریس لیڈرنے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے عوام کو خطوں میں تقسیم کرنے کے عمل سے نوجوانوں کو سب سے زیادہ نقصان کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے صوبہ کیلئے علا قائی کونسل قائم کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔موصوف نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے و تعمیر و ترقی کے نام پر متعدد وعدے کئے لیکن پی ڈی پی کیساتھ اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی نے عوامی مطالبات کو یکسر نظراندازکر دیا ۔