جموں کشمیر بینک کاکام قابل تعریف:مرکزی وزیرمملکت خزانہ آئندہ5برس میں ادارے کا4لاکھ کروڑروپے کی تجارت کاہدف:بلدیو پرکاش

سرینگر//مرکزی وزیرمملکت برائے خزانہ بھگوت کرشن رائو نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہورہی ہے کہ جموں کشمیر بینک نوجوانوں کو خودروزگارکیلئے مالی امداد فراہم کرکے اچھاکام کررہا ہے۔’آزادی کاامرت مہااُتسو‘کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے موقعہ پرمرکزی وزیر نے ان باتو ں کااظہار بینک کے چیف ایگزیکیٹواورچیئرمین بلدیوپرکاش کی موجودگی میں کیا۔اس موقعہ پربھگوت کراد نے 16مستفیدین میں منظوری کے پروانے تقسیم کئے جوانہیں بینک نے مالی مدد فراہم کرنے کیلئے دیئے تاکہ وہ خودروزگار اسکیموں کے تحت اپنے یونٹ شروع کرسکیں۔انہوں نے اس موقعہ پرچار شاخوں وتین اے ٹی ایموں کا بھی ای۔افتتاح کیا۔ڈاکٹر بھگوت نے کہاکہ ویزراعظم کی قیادت میں حکومت ہند کامرکزی مدعاومقصد مالی بیداری پیداکرنا ہے اورملک بھر میں تمام مالی لین دین کو ڈجٹائزیشن میں کرنا ہے ۔انہوں نے اس سمت میں جموں کشمیر بینک کی حصولیابیوں کی سراہناکی۔سماج کے ہرطبقے تک رسائی پرزوردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے میں نے مشاہدہ کیاکہ جموں کشمیر بینک فلیگ شپ پروگراموں کی عمل آوری میں دوسروں سے بہت آگے ہیں ۔انہوں نے اس کیلئے جموں کشمیر بینک کے چیئرمین بلدیو پرکاش کو مبارکباد دی۔اس موقعہ پربینک کے چیئرمین بلدیوپرکاش نے کہا کہ ہم نے آئندہ پانچ سال کیلئے پانچ لاکھ کروڑروپے کی تجارت کاہدف مقررکیا ہے اورہم باقی ملک میں اپنے قرضے کے حصے میں بھی بہتری لائیں گے۔انہوں نے مرکزی وزیر کو بینک کی کارکردگی کی بھی جانکاری فراہم کی۔