جموں و کشمیر، لداخ سے 3 کو پدم شری سنتور ساز بنانے والے غلام محمد بھی شامل

نیوز ڈیسک

سرینگر//جموں کشمیر اور لداخ کی تین شخصیات کوپدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ جموں کے نامور ادیب موہن سنگھ، کشمیر کے مشہور سنتور ساز غلام محمدزاز اور لداخ کی مذہبی شخصیت کشوک تھیکسے نوانگ چمبا اسٹینزن کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔پدم شری ایوارڈز باضابطہ طور پر ہندوستان کے صدر کی طرف سے رسمی تقریب میں دیئے جاتے ہیں جو عام طور پر ہر سال مارچ/اپریل کے قریب راشٹرپتی بھون میں منعقد ہوتی ہے۔پدم شری ،بھارت رتن، پدم وبھوشن اور پدم بھوشن جمہوریہ ہند کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ یہ ایوارڈ کسی بھی شعبے میں نمایاں خدمات کے لیے دیا جاتا ہے جس میں سرکاری ملازمین کی خدمات بھی شامل ہیں۔کشمیر کے آخری سنتور بنانے والے غلام محمد ساز نواز اس خاندان کی آخری اور آٹھویں نسل ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے وادی میں بہترین سنتور کے استادمانے جاتے ہیں۔انہوں نے سنتور بنانے کا فن اپنے دادا رحمان جو اور والد عبدالاحد زاز سے سیکھا ۔