وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا وعدہ
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے کل شیرِ کشمیر انٹر نیشنل کنونشن سینٹر میںمشن یووا ( یووا اُدیامی وکاس ابھیان )کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا ’ میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کو اس اونچائی پر لے جانے کی پوری کوشش کروں گا جہاں آپ نہ صرف اپنے لئے ایک بہتر مقدر لکھیں گے بلکہ جموں و کشمیر کی تقدیر بھی لکھیں گے ۔ مشن یووا کے آغاز پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پچھلی حکومتوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی ۔ ماضی میں بھی مختلف اسکیمیں نافذ کی گئیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے آخری دور میں ان کی حکومت نے نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک اسکیم بھی تیار کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے فلیگ شپ پروگرام کی نچلی سطح کی فاؤنڈیشن پر زور دیتے ہوئے کہا یہ اقدام بند دروازوں کے پیچھے کئے جانے والے فیصلوں کا نتیجہ نہیں ہے ۔ یہ وسیع فیلڈ ورک ، بیس لائن سروے ، کافی سوچ اور وقت اور اجتماعی کوششوں پر بنایا گیا ہے ۔ آج جاری کردہ اشاعت میں دکھائے جانے والے عداد و شمار کو مرتب کیا گیا ہے ، یہ کہ ان کی مستقبل کی پالیسیوں اور پروگراموں کی تشکیل کیلئے محکموں کیلئے ایک قیمتی بنیاد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ مشن یووا ممکنہ طور پر 1.5 لاکھ سے زیادہ کاروباری افراد اور 4لاکھ سے زیادہ ملازمتیں تشکیل دے سکتا ہے جس میں خواتین کی طرف سے 30 فیصد سے زیادہ شرکت ہو سکتی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا جب بھی ہم خواہشمند تاجروں سے بات کرتے ہیں تو سب سے عام تشویش مالی اعانت کا فقدان ہے ۔ فائنانس تک رسائی سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ مشن یووا کے تحت ہم اس رکاوٹ کو ختم کرنے کیلئے بھی پابند ہیں ۔ اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے درد اور چیلنجوں کو سمجھتے ہیں ہم آپ کی حقائق سے الگ نہیں ہیں ہم یہاں حل فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے مقامی کاروباری افراد کے ذریعہ لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا ان کے ساتھ مشغول ہوئے اور ان کے جدید منصوبوں کی تعریف کی ۔ اس موقع پر وزراء سکینہ ایتو ، جاوید رانا اور ستیش شرما کے علاوہ ر دیگر معززین اور نوجوانوں کی بھاری تعداد موجود تھی ۔