جموں وکشمیرمیں رویت ہلال کمیٹی بنانے پرغور ہوگا درگاہ حضرت بل سے نماز تراویح براہ راست ٹیلی کاسٹ ہوگی :ڈاکٹردرخشاں اندرابی

بلال فرقانی

 

سرینگر// رمضان المبارک کا چاند نظرآنے یانہ آنے کے معاملے پر پیداشدہ کنفیوژن کے بعد جموں وکشمیروقف بورڈکی خاتون چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیرمیں رویت ہلال کمیٹی تشکیل دینے پر غور کیاجائے گا۔درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل میں ماہ مبارک کے پیش نظرکئے جارہے انتظامات کاجائزہ لینے کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پہلے جموں وکشمیرمیں مفتی اعظم کی جانب سے ماہ رمضان شروع ہونے یا عیدمنانے کے حوالے سے اعلان کیا جاتا تھا ،اوراسی اعلان کے مطابق یہاں لوگ روزہ رکھتے تھے اورعید بھی مناتے تھے ۔لیکن بدھ کی شام کنفیوزن پیدا ہوا۔درخشاں اندرابی کاکہناتھا کہ اب ہمیں سوچنا پڑے گاکہ ہمارے پاس اپنی رویت ہلال کمیٹی ہو،جدیددُوربین ہو،تاکہ یہاں لوگ خود ہی یہ طے کرسکیں کہ ہمیں کب سے روزے رکھنے ہیں ،اور عید کب منانی ہے ۔

 

انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگوں نے اس معاملے پر مجھ سے بات کی ،اورلوگوںکی مانگ ہے کہ ہماری اپنی رویت ہلال کمیٹی ہونی چاہئے،اورہمارے یہاں بھی ایک ایسا کنٹرول روم ہونا چاہئے ،جہاں چاند دیکھنے کی سہولیات میسر ہوں۔وقف بورڈ چیئرپرسن نے کہاکہ ہم اس بارے میں سبھی لوگوں کیساتھ بات کریں گے،اوراُن سے تجاویز لیں گے ۔انہوںنے کہاکہ آج سائنٹیفک دور ہے اور ہم اگلی عید تک اسبارے میں کوئی حتمی فیصلہ لیں گے ۔ایک سوال کے جواب میںان کاکہناتھاکہ اسبار درگاہ حضرت بل میں خاصے انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ یہاں نماز اداکرنے کیلئے آنے والے لوگوںکوکسی طرح کی مشکل پیش نہ آئے ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے یہاں خیمے لگوائے ہیں تاکہ موسم خراب ہونے کی صورت میں نمازیوںکوکسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے ۔ڈاکٹر اندرابی نے کہاکہ امسال درگاہ حضرت بل سے نماز تراویح کوبراہ راست دکھایا جائے گا۔ایک اورسوال کے جواب میں موصوفہ کاکہناتھاکہ وقف بوڈ کی جانب سے بیت المال قائم کیاگیاہے تاکہ زکواۃ اورصدقات کو جمع کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے یہاں بہت سے لوگ اور کنبے غریب ہیں ،جو کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے ہیں ،اور ہم ان کوگھروںمیں جاکر ہی مالی معاونت کریں گے ۔درخشاں اندرابی نے کہاکہ بیت المال میں جمع ہونے والی رقم غریبوں اور ضرورت مندوںمیں ہی تقسیم کی جائے گی ۔