جموں//رام نگر جموں میں 16اکتوبر کوایک شادی شدہ خاتون کی لاش کو سسرال میں لٹکتے ہوئے پایا گیا جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کی۔ دوران پوچھ گچھ پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ شوہر نے ہی اپنے بیوی کا قتل کرکے اُس کو خودکشی سے جوڑنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ اطلاعات کے مطابق جموں کے نالہ گوران تحصیل رام نگر میں 16اکتوبر کے روز 31سالہ شالہ دیوی زوجہ پرما کی لاش کو کمرے میں لٹکتے ہوئے پایا گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی۔ ایس ڈی پی او رام نگر ڈاکٹر بشم دوبے کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ٹیم کو پتہ چلا کہ یہ خود کشی نہیں بلکہ قتل کا معاملہ ہے۔ پولیس نے مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں گرفتار کیا جس دوران معلوم ہوا ہے کہ شالہ دیوی کا قتل اُس کے شوہر پرما نے ہی کیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے بتایا کہ شوہر نے دوران پو چھ تاچھ کے دوران بتایا کہ اُس نے اپنی بیوی کی لاش کو اس لئے کمرے میں لٹکایا تاکہ یہ باور ہو سکے کہ یہ خود کشی کا معاملہ ہے۔ پولیس نے شوہر کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 137زیر دفعہ 302آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔