جموں //جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں کی گلیوں میں کی گئی غیر قانونی تجاوزات کےخلاف شروع کی گئی مہم تیزکر دی گئی ہے ۔اس مہم کے دوران گمٹ ،جیول چوک ،گردوارہ سندر سنگھ روڈ ،ہری مارکیٹ ،ریذیڈنسی روڈ و دیگر علا قوں میں سڑکوں کے کناروں اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی طریقہ سے لگائی گئی ریڑیوں ،پھیڑیوں وغیرہ کا ہٹا دیا گیا ۔یاد رہے کہ اس غیر قانونی تجاوز کی وجہ سے مقامی لوگوں کےساتھ ساتھ رہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وکاس شرما کی ہدایات پر کی گئی کاروائی میں کارپوریشن کے ملازمین نے فٹ پاتھوں کو صاف کر تے ہوئے لوگوں کو ہدایت جاری کیں کہ وہ غیر قانونی طریقہ سے گلیوں اور فٹ پاتھوں پر اپنا سامنا نہ رکھیں ۔جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔