عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //جموںراجوری-پونچھ قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک شدید سڑک حادثے میں کم از کم چار افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ حادثہ پیر کی شام اکھنور کے قریب ٹانڈہ کے مقام پر اْس وقت پیش آیا جب دو کاریں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔عینی شاہدین کے مطابق تصادم اتنا زوردار تھا کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور سوار افراد گاڑیوں میں پھنس گئے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
بعد ازاں طبی عملے نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چاروں زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے جموں کے ایک بڑے اسپتال ریفر کر دیا۔طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شامل ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جسے مزید خصوصی علاج کے لئے جموں و کشمیر سے باہر ایک بڑے طبی ادارے میں منتقل کیا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں کی حالت بھی نازک مگر مستحکم بتائی گئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچی اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر کے شاہراہ کو صاف کرایا تاکہ آمد و رفت بحال کی جا سکے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔یہ قومی شاہراہ پہاڑی اور حساس علاقوں کو جوڑنے والی ایک اہم سڑک ہے جہاں اکثر تیز رفتاری اور موڑ دار راستوں کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس شاہراہ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور خطرناک مقامات پر اضافی سائن بورڈز اور رفتار کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔