جموںو کشمیر میں پولنگ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر | ادہم پور حلقہ میں68.25فیصد ووٹنگ کٹھوعہ میں سب سے زیادہ 75.44فیصد اور بانہال میں سب سے کم58.78فیصد رائے دہی،شرح بڑھنے کا امکان

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//دفعہ370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں پہلی بڑی انتخابی معرکہ آرائی میں ادھم پور حلقہ میں ووٹروں کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی کیونکہ سات مرحلوں پر مشتمل لوک سبھا انتخابات جمعہ کو شروع ہوئے۔ ادھم پور حلقہ میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعہ کو ہونے والی پولنگ کے دوران 68.25فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ کئی حصوں میں موسلادھار بارش کے درمیان صبح 7 بجے مقررہ وقت کے مطابق ووٹنگ شروع ہوئی۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹرن آئوٹ کے حتمی اعداد و شمار زیادہ ہوں گے کیونکہ دور دراز کے مقامات سے ڈیٹاآنا باقی ہے۔الیکشن حکام نے کہا کہ لوگوں نے بارش کے باوجود جوش و خروش سے ووٹ ڈالے۔ادھم پور حلقہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، ادھم پور، رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں18اسمبلی حلقہ انتخاب پر مشتمل ہے۔اس لوک سبھا حلقے کے 2,637 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل پرامن رہا۔2,637پولنگ اسٹیشنوں میں سے 31 مراکزکٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ واقع ہیں۔ پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔حلقے میںکل رائے دہند گان کی تعداد 16,23,195ہے۔ان میں مرد ووٹر 8,45,283اور خواتین ووٹر 7,77,899تھی۔نئے ووٹروں کی کل تعداد 84,468تھی۔حلقہ وار تفصیلات دیتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ حلقہ میں مجموعی طور پر 16,23,195رائے دہندگان میں سے کل 1107821رائے دہندگان نے پولنگ عمل میں حصہ لیا جن میں مرد ووٹروں کی تعداد569494جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد538322رہی اور یوں مجموعی طور پر68.25رائے دہندگان نے الیکشن عمل میں حصہ لیا۔حلقہ وار تفصیلات فراہم کرتے ہوئےالیکشن محکمہ نے کہا کہ اندروال حلقہ میں68.99فیصد،کشتواڑ میں65.44فیصد،پاڈر ناگسینی میں70.06فیصد،بھدرواہ میں63.01فیصد،ڈوڈہ میں68.14،ڈوڈہ ویسٹ میں69.36فیصد،رام بن میں66.71،بانہال میں58.78،ادھم پور ویسٹ میں73.28،ادھم پور ایسٹ میں73.26فیصد،چنینی میں69.47فیصد،رام نگر (ایس سی)میں66.61فیصد،بنی میں 62.70فیصد،بلاور میں66.28فیصد،بسوہلی میں64.91فیصد،جسروٹہ میں73.68فیصد،کٹھوعہ (ایس سی)میں75.44فیصداورہیرا نگرمیں72.65فیصدپولنگ ہوئی۔یہاں بی جے پی کے جتندر سنگھ اور کانگریس کے لال سنگھ کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔ادہم پور حلقہ انتخاب میں کل 12امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔ ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 سیٹوں پر ووٹنگ ہو ئی ۔