جموں// پوری دنیاکی طرح جموںمیں بھی عیسائی برادری نے جمعہ کے روز گڈ فرائیڈے مذہبی عقیدت و احترام سے منایا۔ اس سلسلے شہر کے گرجا گھر وںمیں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیسائی عقیدے کے مطابق ’گڈ فرائیڈے‘ وہ دن ہے جب حضرت عیسی ٰکو فلسطین کے شہر بیت المقدس میں مصلوب کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائی ڈے کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا اس دن کی جانے والی خصوصی دعائیہ تقاریب کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہوتا ہے جو انہوں نے عوام کیلئے اپنے سر پر اٹھا لئے ۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ گرجاگھر وںکے باہر پولیس کی نفری تعینات رہی۔ گڈ فرائیڈے کے سلسلہ میں عیسائی برادری کی جانب سینٹ پال چرچ ریذیڈنسی روڈ سے ایک جلوس نکالا گیا ،جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،جلوس شہر کے متعدد بازاروں سے ہوتے ہوئے پریم نگر کے گرجا گھر میں اختتام پذیر ہوا۔