یواین آئی
ماؤنٹ مانگنوئی/نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 323 رنز سے ہرادیا۔ میزبان ٹیم نے 3 ٹیسٹ میچ کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔ ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 462 رنز کا ہدف دیا تھا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ نے 67 اور جان کیمپبل نے 16 رنز بنائے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فگرز میں نہ پہنچ سکے ۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا غیر معمولی ریکارڈ اپنے نام کر لیا یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دونوں اوپنر نے دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کیں۔ پہلی اننگز میں کپتان ٹام لیتھم نے 137 اور ڈیون کانوے نے 227 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں ٹام لیتھم نے 101 اور ڈیون کانوے نے 100 رنز سکور کئے ۔ اس ٹیسٹ میچ سے قبل کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویلنگڈن کے مقام پر نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے 5 اور اعجاز پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 575 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ اور دوسری اننگز 306 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 420 رنز بنائے تھے ۔ نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے پلیئر آف دی میچ اور جیکب ڈفی پلیئر آف دی سیریز قرار پائے ۔