ملبورن/آسٹریلیا کے جارح سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی سڈنی میں سات جنوری سے ہونے والے تیسرے ٹسٹ کے لئے ٹیم میں واپسی ہوچکی ہے اور اب سبھی کی نظریں ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما کی تیسرے ٹسٹ میں واپسی پر لگی ہوئی ہیں۔ہندوستان نے میلبورن میں دوسرا باکسنگ ڈے ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیت کر چار میچوں کی بارڈر – گاوسکر ٹرافی سیریز میں 1-1 سے برابر ی کرلی ہے لیکن ہندوستان کا اوپننگ کا مسئلہ پہلے دونوں ٹیسٹ میں برقرار تھا۔ہندوستان نے ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میں صفر اور سات رنز کی اوپننگ شراکت کی ، جب کہ میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ایک اور 16 رنز کی شراکت کی۔ ایڈلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں پرتھوی شا اور مینک اگروال میدان میں اترے لیکن دونوں فلاپ ثابت ہوئے۔ صفر اور چار رنز کی وجہ سے پرتھوی کو میلبورن میں باہر ہونا پڑا۔ مینک بھی اب تک چار اننگز میں فلاپ رہے ہیں اور انہوں نے 17 ، 9 ، 0 ، 5 رنز بنائے ہیں۔اگر روہت 7 جنوری سے سڈنی میں تیسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں شامل ہوتے ہیں تو مینک کو باہر ہونا پڑے گا۔کپتان اجنکیا رہانے نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیتنے کے بعد کہا تھاکہ وہ اب تیسرے ٹیسٹ میں اسٹار سلامی بلے باز روہت شرما کی واپسی کے منتظر ہیں جبکہ کوچ روی شاستری نے کہا وہ تیسرے ٹیسٹ میں اتارنیسے پہلے روہت سے بات کریں گے۔رہانے نے میچ کے بعد روہت کی واپسی کے سلسلے میں کہا تھا کہ ہم روہت کی واپسی پر کافی پرجوش ہیں۔ میں نے کل ان سے بات کی تھی اور وہ ٹیم میں شامل ہونے کا انتظار کررہے ہیں‘‘۔دوسری طرف کوچ شاستری نے کہا ، "ہمیں ابھی انتظار کرنا چاہئے۔" فی الحال روہت سڈنی میں کوارنٹین میں ہیں۔ وہ ٹیم میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں اور وہ براہ راست پلیئنگ الیون میں واپسی کر سکتے ہیں ، لیکن ہمیں یہ فیصلہ کرنے سے پہلے روہت سے بات کرنی ہوگی کہ وہ تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے جسمانی طور پر کتنے فٹ ہیں۔(یواین آئی)