تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں کرایہ طے نہ کئے جانے پر میٹا ڈور ایسوسی ایشن نے تحصیل و ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جم کر نعرے بازی کی۔ایسوسی ایشن کے صدر بشارت خان کی صدارت میں ٹرانسپورٹروں و مالکان نے تھنہ منڈی ،راجوری سڑک پر احتجاج کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر بشارت خان نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وباء کی وجہ سے لگ بھگ دو برسوں سے ٹرانسپورٹ سروس بند ہے جس کی وجہ سے منی بس مالکان کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں اسمان چھو رہی ہیں اور اس وجہ سے ان کا خرچا بھی پورا نہیں ہورہا ہے ۔موصوف نے کہاکہ زیاد ہ ٹرانسپورٹروں نے بینکوں سے قرض لے کر گاڑیاں خریدی ہوئی ہیں لیکن گزشتہ ڈیڑھ دو سالوں سے بینکوں میں گاڑیوں کی اقساط جمع نہیں کروا سکے جس سے ان کی دقتوں میں مزید اضافہ ہو نا شروع ہو گیا ہے ۔بشارت خان نے کہا کہ تیل کی قیمت میں اضافہ ہونے کے باوجود بھی گاڑیوں کا کرایہ طے نہیں ہوا ہے جو کہ تشویشناک بات ہے۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ کرایہ کو جلدازجلد تیل کی قیمتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے طے کیا جائے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ٹرانسپورٹروں کے معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ لیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔