عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// قصبہ تھنہ منڈی و مضافات میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطار کے اوقات میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے ایک مؤثر عوامی بیداری مہم چلائی گئی۔ محکمہ نے ایک گاڑی کے ذریعے شہر اور ملحقہ علاقوں میں اعلانات کروا کر شہریوں سے پْرزور اپیل کی کہ وہ مغرب اور سحری کے اوقات میں بجلی کے ہیٹر اور پانی گرم کرنے والے آلات کا استعمال مکمل طور پر ترک کریں تاکہ بجلی کی مسلسل ترسیل برقرار رکھی جا سکے۔ محکمہ کے جونیئر انجینئر وقار احمد ڈار اور ان کے ماتحت دیگر ملازمین نے عوام سے پر زور کرتے ہوئے کہا کہ بھاری برقی آلات کے استعمال سے بجلی کے نظام پر غیر ضروری دباؤ بڑھتا ہے، جس کے باعث بجلی بند ہونے یا نظام میں خرابی کا اندیشہ رہتا ہے۔
اس لئے اجتماعی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان مخصوص اوقات میں بجلی کے ہیٹر اور بائلر کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ متعلقہ جے ای نے مزید کہا کہ بلاشبہ رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں باہمی تعاون اور اجتماعی شعور ہی سہولت اور آسانی کی ضمانت بن سکتا ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے قصبہ کی تمام مساجد میں آئمہ کرام نے بھی نمازیوں کو ہدایات جاری کیں اور متعلقہ محکمہ کے احکامات پر عمل کرنے کی تلقین کی، تاکہ سحری اور افطار جیسے اہم لمحات میں ہر گھر کو بلا رکاوٹ بجلی میسر آ سکے۔ علاقہ کے مکینوں نے محکمہ کی اس سنجیدہ اور بروقت کاوش کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی کے محتاط استعمال کو یقینی بنائیں گے۔