عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی میں حالیہ شدید برف باری اور خراب موسمی حالات کے دوران محکمہ بجلی (جموں و کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ – JPDCL) کے افسران اور فیلڈ عملے نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی کی بحالی کے لئے مؤثر اقدامات کئے۔ شدید سردی، برفانی ہواؤں، منجمد راستوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے باوجود تکنیکی عملہ مسلسل فیلڈ میں متحرک رہا۔محکمہ ذرائع کے مطابق برف باری کے باعث متعدد 11 کے وی فیڈرز، لو ٹینشن لائنوں اور پول اسٹرکچرز کو نقصان پہنچا، جبکہ درخت گرنے اور برف کے بوجھ سے تاریں متاثر ہوئیں۔ ان خرابیوں کے باعث مختلف علاقوں میں ٹرپنگ اور سپلائی میں تعطل پیدا ہوا۔
جونیئر انجینئر وقار احمد ڈار کی نگرانی میں ٹیموں نے مرحلہ وار فالٹ لوکیشن، لائن پیٹرولنگ اور عارضی و مستقل مرمت کا کام انجام دیا۔فیلڈ اسٹاف نے برف سے ڈھکے راستوں میں پیدل رسائی حاصل کر کے متاثرہ مقامات تک سازوسامان پہنچایا۔ حساس پوائنٹس پر ٹوٹی ہوئی انسولیٹر چینجز، کنڈکٹر جوائنٹس، پول اسٹیبلائزیشن اور جمپر مرمت جیسے تکنیکی کام انجام دئیے گئے تاکہ فیڈرز کو جلد از جلد چارج کیا جا سکے۔ محکمہ کے مطابق حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے سپلائی کی بحالی کو ترجیح دی گئی۔ان کارروائیوں کے نتیجے میں بیشتر شہری علاقوں اور اہم تنصیبات کو مرحلہ وار بجلی فراہم کر دی گئی، جبکہ دور دراز دیہات میں بھی بحالی کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھاری برف اور مسلسل خراب موسم کے باعث کچھ مقامات پر رسائی میں تاخیر ہوئی، تاہم ٹیمیں راؤنڈ دی کلاک کام کر رہی ہیں۔مقامی باشندوں نے محکمہ بجلی کے عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بروقت مرمت کے باعث طویل تعطل سے بچاؤ ممکن ہوا۔ محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گرے ہوئے تاروں یا خراب کھمبوں کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم یا قریبی سب اسٹیشن کو دیں اور مرمتی کام کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔