راجوری// راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں13روز بعد دوبارہ مسلح جھڑپ ہوئی جس میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوئے۔یہ مسلح جھڑپ کالسی محلہ کریوٹ گائوں کے نزدیک ہوئی ہے جو 6اگست کو بھنگائی علاقے میں ہوئی جھڑپ سے 5کلو میٹر دور ہے۔ یہ سارا علاقہ تھنہ منڈی کا جنگلاتی علاقہ ہے اور سیکورٹی فورسز نے 13روز قبل بھنگائی میں ہوئے آپریشن کے بعد اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ مقام جھڑپ سے ایک جنگجو فرار ہوا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ غالباً یہ وہی جنگجو ہے۔بھنگائی میں ہوئی مسلح تصادم آرائی میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوںکے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان میں ایک شوپیان کے رام نگری سے تعلق رکھتا ہے کیونکہ اسکے والدین نے اس بات کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ان سے ڈی این اے کیلئے نمونے لئے گئے۔13روز بعد بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 48آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف کو کریوٹ گائوں تھنہ منڈی کے جنگلاتی علاقے میں مشکوک حرکات و سکنات کے بارے میںاطلاع دی گئی جس کے بعد اس علاقے کا گھیرا کیا گیا اور جمعرات کی صبح تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔آپریشن کے دوران جب فورسز مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچ گئے اور جنگجوئوں نے تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی ۔جس کے ساتھ ہی طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔گولیوں کے تبادلے میںفوج کا جونیئرکمیشنڈ آفیسر(JCO) 46سالہ رام سنگھ ساکن باوری گرہوال اترا کھنڈشدید طور پر زخمی ہوا ،جس کو فوری طور ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم وہ اس سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑبیٹھا ۔وہ اپنے پیچھے بیوی ، بیٹا اور بیٹی چھوڑ گیا ہے۔اسکے بعد فورسز و جنگجو کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس نے جنگجو کی لاش برآمدکی۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے کہا کہ جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان تھنہ منڈی کے گاؤں تریوٹ میں معرکہ صبح سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ رائفلز کا ایک جے سی او گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی طبی مرکز پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
صراف کدل میں دھماکہ، 2اہلکار اور شہری زخمی
سرینگر /بلال فرقانی/ صراف کدل میں پولیس و فورسز کی مشترکہ ناکہ پارٹی پر جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے۔صراف کدل میں شب کے قریب 9بجے 23بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ ناکہ پارٹی پر جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا جو پولیس جوانوں کے نزدیک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے جن کی شناخت کانسٹیبل جاوید احمد بٹ بلٹ نمبر4654اور عبدالمجید بٹ بلٹ نمبر 2810معمولی زخمی ہوئے۔اس واقعہ میں ایک شہری فیاض احمد متو بھی زخمی ہوئے جسے صدر اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی۔