تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے نیالی بھٹیلی گاؤں سے گزرنے والی تھنہ تا ڈھوک رابطہ سڑک پر دو پل تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مکینوں نے بتایا کہ حالیہ کئی عرصہ سے علاقہ میں رابطہ پل تعمیر کرنے کی مانگ کی جارہی ہے تاہم مقامی و ضلع انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔مکینوں نے بتایا کہ تھنہ منڈی کے پسماندہ دیہات نیالی ،بھٹیلی، کھنیال کوٹ، درہ، برہون وغیرہ کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کو ہمیشہ ضروری کاموں کیلئے دریا عبور کرنا پڑتا ہے لیکن مذکورہ دریا پر ابھی تک رابطہ پل کی تعمیر کی جانب دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مزکورہ آبادی کو خاص کر سردیوں اور برسات کے موسم میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے متعدد مرتبہ علاقہ میں پل تعمیر کرنے کی یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں لیکن ابھی تک ان پلوں کی تعمیر تشنہ تکمیل ہے۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد دریا پر پلوں کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو دوران آمد ورفت درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔