تُرکی کی امارات کو 20 مسلح ڈرونوں کی فراہمی

دوبئی //ترک دفاعی کمپنی بایکار نے رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو 20 مسلح ڈرون فراہم کیے ہیں اور مزید بھی فروخت کیے جا سکتے ہیں۔ترک ذرائع نے بتایا کہ سابقہ علاقائی حریفوں کے درمیان سفارتی تعلقات میں آنے والا پگھلاؤ فوجی معاہدوں کے ذریعے پھیلتا جا رہا ہے۔شام، یوکرین اور لیبیا کے تنازعات پر اثرات کے بعد بایکار کے ڈرونز کی بین الاقوامی طلب میں اضافہ ہوا، جہاں ان کے لیزر گائیڈڈ بکتر کے پار جانے والے بموں نے دو سال قبل یو اے ای کی حمایت یافتہ افواج کے حملے کو پسپا کرنے میں مدد کی۔لیبیا میں خانہ جنگی ان متعدد محاذوں میں سے ایک تھی جہاں دونوں ممالک نے گزشتہ سال ہوئی مصالحت تک مشرق وسطیٰ میں اثر و رسوخ کے لیے کئی دہائیوں تک تلخ جنگ لڑی۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب متحدہ عرب امارات اور اس کا اتحادی سعودی عرب، ایران اور اس کی پراکسی فورسز کی جانب سے بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کا فائدہ اٹھانے کی امید کر رہے ہیں۔