بانہال // سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں جموں سرینگر شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان خستہ حال سڑک کے کچھ حصوں پر میکڈم بچھانے اور مرمت وغیرہ کا کام پچھلے چند ہفتوں سے جاری ہے اور اس کیلئے ضلع انتظامیہ رام بن نے بانہال۔ رام بن اور ناشری سیکٹر میں فورلین شاہراہ کا کام انجام دینے والی تعمیراتی کمپنیوں کو سڑک پر میکڈم بچھانے اور سڑک پر پڑے کھڈوں کو بھرنے کیلئے ایک میٹنگ میں احکامات صادر کئے تھے اور اس سلسلے میں رام بن ضلع ترقیاتی بورڈ کے سابقہ چیئر مین اور سابقہ کابینہ وزیر بشارت بخاری نے تعمیراتی کمپنیوں کو سخت احکامات بھی صادر کئے تھے۔ اسی سلسلے کے تحت بانہال کے نوگام علاقے میں تعمیراتی کمپنی نویگہ انجینئرنگ جو بانہال اور قاضیگنڈ کے درمیان فورلین ٹنل تعمیر کر رہی ہے ، کی طرف سے سڑک کے ایک حصے پر میکڈم بچھایا جارہا ہے اور نوگام کے مقامی لوگوں نے اسے غیر معیاری میکڈم قرار دیکر میکڈم بچھانے کا کام روک دیا ہے۔ لوگ چند مخصوص جگہوں کے بجائے نوگام کے علاقے میں بھی میکڈم بچھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امرناتھ یاترا کے پیش نظر خستہ حال سڑک کی حالت کو درست کرنے کیلئے میکڈم بچھانے کا کام روکنے والے لوگوں کی قیادت کرنے والے شکیل احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نویگہ تعمیراتی کمپنی غیر معیاری اور کم میکڈم استعمال کر رہی ہے اور میکڈم بچھانے کی مقدار اور وضع کئے گئے قواعد وضوابط کی کھلم کھلا دھجیاں بکھیر کر رکھ دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوگام کے علاقے میں سڑک پر جابجا کھڈے پڑے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں اور سکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بارش کے دنوں میں وہاں سے چلنا پھرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نویگہ کمپنی میکڈم کی ایک پتلی سی پرت سڑک پر بچھا رہی ہے جو چند روز کے اندر اندر اکھڑ جائے گی اور شاہراہ کی حالت جوں کی توں ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا کیلئے کیا جانے ولا کام معقول ہونا چاہئے تاکہ یہاں رہے والے مقامی لوگوں کوبعد میں بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ و ہ اس معاملے کی طرف توجہ دیکر معاملہ حل کریں اور عوامی مسائل کو سنیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی طرف سے میکڈم بچھانے میں کی جارہی ہیرا پھیری کی وجہ سے مجبور ہوکر لوگوں نے کام بند کیا ہے اور بہتر معیار کا میکڈم بچھانے اور پورے علاقے میں خراب سڑک کو ٹھیک کرنے کے بعد ہی کام کو دوبارہ چلانے کی اجات دی جائے گی۔