جموں// چئیر مین کشمیر سوسائیٹی فاروق رینزو شاہ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے تعلیمی نظام میں جدت لانے اور صوفیت کو لازمی بنانے کی اہمیت کو گورنر کے سامنے اجاگر کیا تا کہ آنے والی نسلوں کو اخلاقی تعلیم سے روشناس کرایا جا سکے اور انہیں امن ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا جا سکے ۔ انہوں نے گورنر سے درخواست کی کہ وہ سرینگر کے شہر خاص علاقے کو ہیری ٹیج سٹی قرار دیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے سٹیٹ جی ایس ٹی کو ختم کرنے کی بھی وکالت کی ۔ انہوں نے کچھ مزید مطالبات بھی گورنر کی نوٹس میں لائے جن میں ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ سیکٹروں کیلئے خصوصی پیکج تیار کرنا ، صوفی درگاہوں کی تجدید نو ، ریاست میں صوفی سیاحت کو بڑھاوا دینا ، ریڈیو کشمیر دور درشن اور کلچرل اکیڈمی کی طرف سے اولیاؤں اور قلندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا جیسے معاملات شامل ہیں ۔ گورنر نے فاروق رینزو شاہ کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ گورنر نے اُن پر زور دیا کہ وہ سماج کی بہبودی کیلئے اپنے کام جاری رکھیں ۔