تعلقات کی بحالی کے بعد اسرائیلی صدر کا پہلا دورۂ بحرین

پنامہ// اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے بحرین کا دورہ کے دورہ پر ہیں جو 2020 میں بحرین کے اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے بعد کسی اسرائیلی صدر کا بحرین کا پہلا دورہ ہے ۔ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے بحرین کے شاہ حماد عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی۔رپورٹ کے مطابق بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے سربراہان نے علاقائی سیکیورٹی اور نجی شعبوں کے نمائندگان کے درمیان روابط کو فروغ دینے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔خیال رہے کہ 2020 میں متحدہ عرب امارات، مراکش اور بحرین پہلی عرب ریاستیں تھیں جنہوں نے دہائیوں بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کیے تھے جہاں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مذاکرات کی سربراہی کی تھی۔اس سے قبل صہیونی ریاست نے اپنے پڑوسی ممالک مصر اور اردن کے ساتھ امن معاہدوں کے لیے رابطہ کیا تھا۔اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے کہا کہ ‘میں اس خطے کی دیگر ریاستوں سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ اس شراکت داری میں شامل ہوکر مشرق وسطیٰ کو مزید مضبوط بنائیں۔’انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی استحکام کو درپیش خطرات کے پیش نظر مشرقی وسطیٰ کے دائرے کو وسعت دینے کے لیے امن کا قیام بہت اہم ہے اور نفرت، دھمکیوں اور دہشت کے اس ماحول میں ایک ہی جواب ہے کہ ‘دوستوں کے ساتھ اتحاد’ کیا جائے ۔خطے کے دیگر ممالک بالخصوص سعودی عرب بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ تنازع کے حل تک اسرائیل کے ساتھ سرکاری سطح پر تعلقات قائم نہ کرنے کے دہائیوں پرانے عرب لیگ کے موقف پر قائم رہیں گے ۔