بارہمولہ // شمالی قصبہ پٹن کے ترکول بل علاقے کا سڑک رابطہ خستہ حال ہے جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے کاسڑک رابطہ اتنا خستہ ہو چکاہے کہ معمولی بارشوں کے ساتھ ہی سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں اور ٹرنسپوٹروں کے ساتھ ساتھ طلاب کو بھی زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات میں شرکت کے باوجود بھی اس علاقے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ایک مقامی شہری غلام حسن نے بتایا’’ چونکہ اس مرتبہ برفباری زیادہ ہوئی اورسڑک میںجگہ جگہ ناقابل آمدورفت بن چکی ہے لیکن محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے اس کی مرمت کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں اوراس کی ناگفتہ بہہ حالت سے مسافروں اورٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات پیش آرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی جو حالت ہے اس کو دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ شائد کبھی بھی اس سڑک کی مرمت نہیںکی گئی ہے ۔ لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران کو مطلع کیا تھا تاہم انہوں نے اس سڑک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجے میں لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک رابطے کی طرف بھی فوری دھیان دیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے راحت مل سکے ورنہ لوگ سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہو جائیں گے۔