سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر تنظیم کی تمام دیہی ،زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اراکین و عاملین اور دیگر عہدیداروں کا ایک خصوصی اجلاس تنظیم کے صدرآغا سید حسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف تنظیمی امور زیر بحث لائے گئے اور آمدن و خرچہ جات پر مشتمل جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔ تنظیم کے شعبہ جات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کی تجدیدکی کہ وہ تنظیم کے بنیادی نصب العین کی عمل آوری کے لئے ہمہ وقت ایک شرعی مسولیت کی عنوان سے مصروف خدمت رہیں گے ۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ شیعہ مسلک کے اصول و عقائد کی نگاہ میں موقوفات ایک حساس شرعی امانت ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ موقوفات کی ترقی اور ترویج کے نام پر ان دینی اثاثوں کو حکومت کی تحویل میں دینا شیعہ عقائد سے دستبرداری کے مترادف ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اگر ریاست کی شیعہ برادری کے دینی جذبات اور مسلکی عقائد سے لاپرواہ ہو کر حکومت نے شیعہ موقوفات کو تحویل میں لینے کا کوئی اقدام کیا تو شیعیان کشمیر متحد ہوکر احتجاجی مہم شروع کریں گے اور حتی الامکان مزاحمت کی جائے گی ۔