لوگ سڑکوں پرگاڑیاں کھڑاکرنے پرمجبور،راہگیروں کو پریشانی
سید اعجاز
ترال//ترال میں ٹریفک کے بڑھتے دبائو کی وجہ سے لوگوں کو گوناگوں مسائل کاسامنا ہیں اورمناسب پارکنگ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے اکثر لوگ گاڑیوں کو سڑکوں پرکھڑاکرنے پرمجبور ہیں۔قصبے کی سڑکیں آج بھی وہی ہیں جو آج سے پچاس برس تھیں ۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا بہتر پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر گاڑی چلانے والے افراد سڑکوں کے کنارے اپنی گاڑیوں کو کھڑا کر کے بازار میں اپنا کام کرتے ہیں ۔جبکہ ترال پائین سے ترال بالا ہسپتال گیٹ تک سرراہ گاڑیوں کے کھڑا ہونے سے پیدل چلنا بھی محال بن جاتا ہے ۔لوگوں نے بتایا پولیس کی جانب سے کارروائیاں انجام دینے اور جرمانہ کرنے کے باوجود یہ سلسلہ نہیں رکتا ہے ۔تاہم کچھ گاڑی چلانے والے افراد نے بتایا کہ قصبے میں کسی بھی جگہ پارکنگ موجود نہیں ہے، جبکہ بس سٹینڈ ترال میں ایک جگہ تھی جس کو استعمال میں ہی نہیں لایا جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر گاڑیاں کھڑا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ایک شہری رفیق احمد نے بتایا بس سٹینڈ سے ترال بالا تک متعدد شاپنگ کمپلکس تعمیر ہوئے جن میں مختلف دفاتر ہیں جس کی وجہ سے یہاں لوگ اپنی گاڑیاں لیکر آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا اکثر شاپنک کمپلکس والوں نے پارکنگ کا کوئی انتظام ہی نہیں رکھا ہے جبکہ دوسری جانب اجازت دینے والی ایجنسیوں نے بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دی ہے، نتیجے کے طور راہ گیروں کے ساتھ ساتھ باقی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں نے بتایا ترال پائین میں نئے بس سٹینڈ اور پرانے بس اڈے میں پارکنگ کی سہولت موجود ہے، جس کو استعمال میں نہیں لایا جاتا ہے ۔لوگوں نے قصبے میں بہتر پارکنگ کے ساتھ ساتھ سڑکوں سے غیر قانونی قبضے کو ہٹانے کی اپیل کی ہے ۔