سرینگر//جموں و کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے تاریخِ پیدائش میں رد و بدل کر کے نامناسب فائدہ اٹھانے اور ثبوت مٹانے کے معاملے میں جموں و کشمیر اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اْس وقت کے اور ریٹائرڈ انچارج سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔سپرنٹنڈنگ انجینئر کے خلاف سال 2015 میں دفعہ 420، 467، 468، 471 اور 201 رنویر پینل کوڈ (آر پی سی) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ای او ڈبلیو حکام کے مطابق جموں و کشمیر اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اْس وقت کے آئی / سی سپرنٹنڈنگ انجینئر کے سروس ریکارڈ میں تاریخِ پیدائش میں رد و بدل کے الزامات پر مشتمل ایک تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن کرائم برانچ کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ میں تحقیقات شروع کی گئی تھی۔تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزم نے ناجائز سروس فوائد حاصل کرنے کے لیے 28-10-1955 سے 28-10-1958 تک سرکاری سروس ریکارڈ میں اپنی تاریخِ پیدائش میں دھوکہ دہی سے ہیرا پھیری کی۔ حکام نے بتایا کہ ملزم نے ثبوت چھپانے کے لیے اپنی اصل سروس بک بھی تباہ کر دی، جس کے باعث دفعہ 201 آر پی سی کا اطلاق ہوا۔ جانچ میں الزامات درست پائے گئے ، جس کے بعد عدالتی فیصلے کے لیے چارج شیٹ عدالت میں جمع کی گئی۔