عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل کہا کہ گوڈ گورننس (بہتر حکمرانی) کا اصل مقصد یہی ہے کہ آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق عوام کی خدمت کی جائے۔اپنی رہائش گاہ پر پارٹی لیڈران، مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود اور معزز شہریوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوڈ گورننس کی بنیاد دراصل عوامی نمائندہ حکومت پر قائم ہوتی ہے۔ اس میں دھونس، دباؤ اور طاقت کے بل پر فیصلوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ اسی طرح طاقت کے زور پر حکومتوں کو گرانا یا عوامی حکومت کے کاموں میں بے جا مداخلت کرنا گوڈ گورننس کے لئے سمِ قاتل ہے۔انہوں نے کہا کہ گوڈ گورننس صرف عوامی حکومت میں ہی ممکن ہے، کیونکہ عوامی حکومت کا نہ کوئی متبادل ہے اور نہ ہی کبھی ہو سکتا ہے۔
عوامی حکومت میں لوگوں کے منتخب نمائندے شامل ہوتے ہیں جو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور مشکلات سے بخوبی واقف ہوتے ہیں اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، کیونکہ انہیں ہر پانچ سال بعد دوبارہ عوام کے پاس ووٹ مانگنے جانا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گوڈ گورننس کا مطلب یہ بھی ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف اور مساوات برتی جائے۔ بہتر حکمرانی کے ذریعے ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ سال عوامی حکومت کے قیام کے بعد جموں و کشمیر میں بتدریج لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو حل کیا جا رہا ہے اور ریاستی درجہ بحال ہونے کے بعد حکومت مزید مؤثر انداز میں اور بلا رکاوٹ عوام کی خدمت انجام دے سکے گی۔ اس موقعے پر سابق وزیر و ضلع صدر پلوامہ محمد خلیل بند، ایم ایل اے بانڈی پورہ نظام الدین بٹ، ایم ایل اے کرناہ جاوید مرچال، ضلع صدر کولگام صفدر علی خان ، دیپک مہاجن، وجے کمار، شری منیش اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔