مینڈھر//مینڈھر قصبہ کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر مینڈھر اعجاز بھٹ نے مینڈھر قصبہ کا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر سرپنچ حلقہ کے علاوہ کئی معززین نے قصبہ مینڈھر کے اندر نالیوں کی خستہ حالت کے بار ے میں بی ڈی او مینڈھر کو بتایا۔ انکا کہنا تھا کہ جب بھی بارش ہوتی ہے نالیوں کا پانی لوگوں کے گھروں اور دوکانوں میں چلا جاتاہے جس سے دوکاندار طبقہ کے ساتھ عام لوگوں کا بھی بھاری نقصان ہوتاہے کیوں کہ تمام نالیاں بند ہیں لہٰذا متعلقہ محکمہ کو فوری طور نالیوں کو صاف کرکے پانی کا کوئی بندوبست کرنا چاہئے تاکہ لوگوں کا نقصان نہ ہو۔ اس موقعہ پر بی ڈی او مینڈھر نے متعلقہ سیکریڑی سے کہا کہ فوری طور پر بند پڑی نالیوں کو درست کیا جائے تاکہ کسی کا نقصان نہ ہو۔ انکا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر تمام نالیاں درست ہو جانی چاہئیں اور صاف صفائی کا خیال رکھا جائے۔