جموں//بی جے پی کے اقلیتی مورچہ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت امریک سنگھ نے کی۔ میٹنگ میں ضلع اور تحصیل سطح کے ذمہ دارانہ نے شرکت کی اور مورچہ کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقعہ پر مقررین نے مستقبل کے پروگرام بتاتے ہوئے ان کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔مقررین نے مورچہ کے کارکنان پر زور دیا کہ وہ جموں خطہ میں مجوزہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں اور اس کے لئے تمام تر زور لگائیں تا کہ ہر پولنگ بوتھ کی سطح پر پارٹی کے پروگرام کو پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر اقلیتوں کے لئے مرکزی سرکار کی طرف سے کئی پروگرام اور اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ عام لوگوں خاص کر مائنارٹی طبقہ تک ان اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے اور انہیں بتایا جائے کہ کس طرح سے ان اسکیموں سے فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مورچہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ اوتار سنگھ ،ہرپال سنگھ ، گوردیال سنگھ، شیخ بشیر ، رافیعہ ملک ، تاج خان، اسد ملک ، صوفی جان، رندھیر سنگھ، منیرا بیگم ، محمد عباس، جاوید رانا، عامر خان اور دیگران نے میٹنگ میں شرکت کی اورآنے والے پروگراموں کی بھر پور عمل آوری کا یقین دلایا۔