عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کپوارہ میں منگل کو بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک افسر کیمپ کے اندر پیش آئے ایک حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک محکمانہ گاڑی بے قابو ہو کر ڈیوٹی پر موجود افسر سے ٹکرا گئی۔متوفی کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر اوم پرکاش ولد مکت ناتھ کے طور پر ہوئی ہے جو بی ایس ایف کی 127 بٹالین کے ساتھ کپوارہ میں تعینات تھے۔ حادثے کے فوراً بعد زخمی افسر کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال کپواڑہ منتقل کیا گیا۔ تاہم اسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال میں رکھا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ادھر ترال کے امیر آباد علاقے میں منگل کو ایک مسافر گاڑی چنار کے درخت سے ٹکرا جانے کے بعد کم از کم 9افراد زخمی ہو گئے۔۔زخمیوں کو فوری طور پر مقامی لوگوں اور ہنگامی امدادی کارکنوں نے ابتدائی علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ترال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے چار کو بعد میں ان کے زخموں کی نوعیت کی وجہ سے خصوصی علاج کے لیے سری نگر کے اسپتالوں میں ریفر کیا گیا۔سرینگر منتقل ہونے والوں میں مشتاق احمد گوجری (45) ولد نذیر احمد ، فاروق احمد چوپان (30) ولد عبدالاحد ۔وسیم گوجری، 19، ولد محمد صدیق ساکن ناگبل ترال، عبدالقیوم چوپان (18) ولد فرید احمد شامل ہیں ۔ادھر کل شام پٹن میں نیشنل ہائی وے پر حیدربیگ کے قریب سکوٹی پر سوار ایک شخص نے اس وقت ہلاک ہوا جب سکوٹی رجسٹریشن نمبر JK05N-8271 کو حادثہ پیش آیا۔ متوفی کی شناخت نعیم احمد راتھر ولد محمد اکبر راتھر ساکن بکو پٹن کے طور پر کی گئی ہے۔ اسے شدید چوٹیں آئیں اور اسے ٹراما ہسپتال پٹن لے جایا گیا، جہاں سے اسے تشویشناک حالت میں جے وی سی ہسپتال سری نگر ریفر کر دیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے اسے پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔