یوز ڈیسک
جموں// مین سٹریم جماعتوں نے پارٹی لائنوں سے بالاتر ہوکر شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت پر اپنے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابل افسوس واقعہ قراردیاہے۔
بی جے پی
جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حملہ آوروں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ملی ٹینٹوں نے ایک دفعہ پھر کشمیر میں ایک معصوم پنڈت کا قتل کیا جس کا بہت جلد بدلہ لیا جائے گا۔جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بھاجپا صدر رویندر رینا نے کہاکہ ملی ٹینٹوں نے ایک دفعہ پھر کشمیری پنڈت کا قتل کیا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن آ ل آوٹ شروع کیا اور پچھلے ایک مہینے کے دوران بڑی تعداد میں ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر عام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ان کے مطابق شہری ہلاکتوں میں ملوث دہشت گردوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔رویندر رینا نے مزید بتایا کہ وادی کشمیر میں حالات دھیرے دھیرے معمول پر آرہے ہیں لیکن ملک دشمن عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ادھربھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سکریٹری آرگنائزیشن اشوک کول نے کشمیری پنڈت کے قتل کی مذمت کی۔ا پنے ایک بیان میں اشوک کول نے کہاکہ وادی کشمیر میں ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے اقلیتی طبقہ خوف کے سائے میں جی رہا ہے۔ انہوںنے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی میں موجود کشمیری پنڈتوں کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے۔
اپنی پارٹی
اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری اورنائب صدراقبال منہاس نے شوپیاں میں ایک کشمیری پنڈت کو ہلاک کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سید محمد الطاف بخاری نے اس واقعہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”اس اندوہناک واقعہ کی اطلاع پاکر مجھے صدمہ پہنچا ہے۔ اس طرح کے بہیمانے واقعات کو رونما ہوتے ہوئے دیکھ کر ہر کشمیر کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ ایسے واقعات کے خلاف سب کو آواز اٹھانی چاہیے۔”انہوں نے مزید کہا،”میں اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آخر ایک معصوم انسان کو قتل کرکے کسی کو کیا حاصل ہوسکتا ہے۔”اس دوران اپنی پارٹی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے کہا،”مجھے اس واقعہ کی اطلاع پاکر صدمہ پہنچا ہے۔ یہ قتل کا ایک بہیمانہ واقعہ ہے اور اس کے مرتکبین پر اللہ کا قہر نازل ہوگا۔ معصوم انسانوں کا لہو بہانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں”۔
عمرعبداللہ
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی مشتبہ جنگجوو¿ں کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کی ہے۔عمر عبداللہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،” ایک اور قابل مذمت حملہ، میں واضح طور پر اس حملے کی مذمت کرتا ہوں جس میں پورن کرشن بٹ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے”۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا،” ‘میں پسماندگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور پورن جی کے روح کے سکون کے لئے دعا گو ہوں”۔
محبوبہ مفتی
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے بھی شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہے۔ا±ن کے مطابق پورن کرشن بٹ پچھلے 30برسوں سے شوپیاں میں رہائش پذیر تھا اور نامساعد حالات کے دوران بھی اپنے گاوں میں رہا۔ ا±ن کے مطابق بھاجپا کو کشمیری پنڈتوں کی سیکورٹی کی کوئی پرواہ ہی نہیں۔ پی ڈی پی صدر نے آئمہ مساجد سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کو سمجھائے کہ آپسی بھائی چارے کو بنائے رکھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھاجپا خون پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آتی اور اسی خون کو بیچ کر وہ ووٹ بٹورنے کی بھی کوشش کریں گے۔
کانگریس
جموںوکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدررمن بھلا کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں شوپیاں میں ایک اور کشمیری پنڈت کے قتل کی شدید مذمت کی گئی اور کشمیر میں معصوم جانوں کو بچانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔رمن بھلا نے کہا کہ وادی میں بے گناہوں بالخصوص اقلیتوں کی ٹارگٹ کلنگ کو قوم کب تک برداشت کرے گی۔انہوںنے کہا کہ مرکز حکومت کشمیر میں عام لوگوں کے تحفظ اور تحفظ کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، جو کہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے اور کشمیر میں بے گناہوں کی ہلاکتوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اسے وزارت داخلہ کی سنگین ناکامی قرار دیا جو براہ راست ڈیل کرتی ہے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ مجرموں کی نشاندہی کی جائے اور ان سے جواب طلب کرتے ہوئے سختی سے نمٹا جائے۔
پیپلز کانفرنس
پیپلز کانفرنس نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’ ‘شوپیاں کے چودھری گنڈ میں پورن کرشن بٹ پر حملے جس میں ان کی جان چلی گئی، کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں”۔ٹویٹ میں کہا گیا،’ ‘ایسے حملوں کا کسی بھی صورت میں کوئی جواز نہیں ہے”۔
عام آدمی پارٹی
کشمیری پنڈت کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے ہفتہ کو کہا کہ وادی کشمیر میں خون کی ہولی جاری ہے اور بی جے پی حکومت اور ایل جی انتظامیہ اعداد و شمار کے ذریعے حالات معمول پر لانے کے دعوے کرنے میں مصروف ہے جب کہ قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کو نمبر گیم سمجھ رہی ہے۔عام آدمی پارٹی نے کشمیر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس کے دوران پارٹی کے ریاستی ترجمان ڈاکٹر نواب ناصر نے کہا کہ حالات کسی بھی تناظر میں ٹھیک نہیں ہیں لوگ اپنے باغیچوں اور باغات میں بھی محفوظ نہیں ہیں جہاں سے بندوق بردار نمودار ہوتے ہیں گولیوں کی بوچھاڑ کرتے ہیں، معصوم انسانی جانیں لیتے ہیں اور جائے وقوعہ سے فرار ہوجاتے ہیں۔ڈاکٹر نواب نے شوپیاں میںپی کے بھٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا “کشمیر میں جانوں کا یہ نقصان دل دہلا دیتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیر میں حالات معمول پر نہیں ہیںکیوکہ آدمی اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں ہے۔دوسری طرف ڈی ڈی سی ممبر اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر معراج ملک نے کہا کہ کشمیر میں خون کی ہولی چل رہی ہے لیکن بی جے پی صرف معمول کے جھوٹ بولنے میں مصروف ہے۔
پروفیسر سوز
سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوزکا کہنا ہے کہ یہ قتل انسانیت کے خلاف ہے لہٰذا اس کی جتنی بھی مذمت کی جاے کم ہے۔سابق مرکزی وزیر نے مزید کہاکہ اس واقعے کو لے کر پورے جموں وکشمیر میں غم کا ماحول چھایا ہوا ہے۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس طرح کے بہیمانہ واقعات کو روکنے کی خاطر سنجیدہ نوعیت کے اقدامات ا ٹھائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات پر قد غن لگ سکیں۔انہوں نے سوگوار خاندان سے اپنی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تاریگامی
سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر یوسف تاریگامی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’ ‘پورن کرشن بٹ پر ہوئے حملے جس سے ان کی زندگی کاچراغ بجھ گیا، سے پہنچنے والے تکلیف کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں”۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا،’ ‘عام شہریوں کی ہلاکتوں میں کوئی ٹھہراو¿ نظر نہیں آرہا ہے حکومت کو اقلیتی فرقے کے لوگوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانا چاہئے”۔
بہیمانہ ہلاکت پر سیاسی جماعتوں کا شدید ردعمل