سرینگر//سرینگرپولیس نے منگل کو دعویٰ کیاکہ بہوری کدل ملی ٹینسی کیس میں ملوثین3 نوجوانوںکو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ منگل کوپولیس نے بتایا ’’9 نومبر 2021کوجنگجوئوں نے سرینگر کے بہوری کدل علاقے میںایک شہری ابراہیم احمد ( سندیپ ماوا کی دکان پر سیلزمین)کو قتل کر دیا‘‘۔پولیس نے بتایا’’ دہشت گردی کے واقعہ کے بارے میں، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر86/2021پولیس اسٹیشن مہاراج گنج میں درج کیا گیا اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی‘‘۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران افسران کوبہوری کدل ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں اعجاز احمد لون، نصیر احمد شاہ اور شوکت احمد ڈار ساکن للہار پلوامہ کے ملوث ہونے کے بارے میں معلوم ہوا اور اُنہیں گرفتار کیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ تینوں ملزمان لشکر طیبہ(ٹی آر ایف)سے منسلک تھے اور مذکورہ حملے کو سرحد پار سے اشارے پر انجام دیا ۔پولیس کے مطابق یہ تینوں گزشتہ4ماہ سے پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹوںکے ساتھ رابطے میں تھے۔ ان کے انکشاف پر ان کے قبضے سے پستول سمیت7راؤنڈگولیاں اور ایک دستی بم و دیگر مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا ۔ اس کے علاوہ آلٹو کار جو حملے کے وقت جرم کی انجام دہی کے دوران استعمال کی گئی تھی وہ بھی ضبط کر لی گئی۔