عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پولیس سربراہ نلین پربھات نے سرینگر کے کارگو کمپلیکس کا دورہ کیا کرکے خصوصی آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں اور افسران سے ملاقات کی۔ ڈی جی پی کے ہمراہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی، سینئر پولیس افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہیں کارگو کمپلیکس میں تعینات ایس او جی یونٹ کی مجموعی کارکردگی، آپریشنل تیاری، حفاظتی انتظامات اور موجودہ سکیورٹی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈی جی پی نلین پربھات نے ایس او جی اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل دریافت کیے اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور جذبہ خدمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کے جوان انتہائی مشکل اور حساس حالات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی آپریشنز گروپ جموں و کشمیر پولیس کا ایک انتہائی اہم اور تربیت یافتہ ونگ ہے، جو ملی ٹنسی کے خلاف کارروائیوں، حساس مقامات کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط، بروقت ردعمل اور عوام دوست رویہ پولیس کی نیک نامی میں اضافہ کر رہا ہے۔ڈی جی پی نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ہر وقت مکمل چوکسی، پیشہ ورانہ دیانت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی عملی تیاری کو مزید مضبوط بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کے ساتھ بہتر رابطہ اور اعتماد سازی پولیسنگ کا ایک اہم جزو ہے، جسے ہر سطح پر فروغ دیا جانا چاہیے۔انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ پولیس اپنے اہلکاروں کی فلاح و بہبود، جدید تربیت، ساز و سامان، رہائشی و طبی سہولیات اور دیگر ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے تاکہ فورس ہر قسم کے حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل رہے۔ڈی جی پی نے اس موقع پر سینئر افسران کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا اور وادی کشمیر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، حساس تنصیبات کی حفاظت، جاری حفاظتی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔