بھگوان مہاویر کا پیغام سب کیلئےتحریک :مودی

وی او آئی

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی ،کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتوار کو مہاویر جینتی پراہل وطن کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے ایکس پر کہا کہ بھگوان مہاویر کا امن، ہمدردی اور بھائی چارے کا پیغام سب کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔وہ 2550 ویں بھگوان مہاویر نروان مہوتسو پروگرام میں موجود لوگوں سے خطاب کر رہے تھے۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مہاویر جینتی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی ہے اور اس مقدس تہوار پر سب کی خوشحالی کی خواہش کی ہے۔ کھڑگے نے کہا مہاویر جینتی کے پرمسرت موقع پر ہماری دلی مبارکباد۔ بھگوان مہاویر کی زندگی اور تعلیمات ہمیں مہربان اور سادہ رہنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ ان کی تعلیمات ہمیں خوشی، قناعت اور بے لوث زندگی کی راہ دکھاتی ہیں۔ یہ تہوار سچائی ، عدم تشدد اور ہم آہنگی کے تئیں ہر ایک کے عزم کو مضبوط کرے۔ گاندھی نے کہا جین مت کے 24 ویں تیرتھنکر بھگوان مہاویر کے یوم پیدائش پر اہل وطن کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ بھگوان مہاویر کی زندگی، ہمدردی اور انسانیت کی ان کی تعلیمات ہم سب کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا سماجی تبدیلی کے علمبردار اور سچائی، عدم تشدد اور ہمدردی کے سب سے بڑے متلاشی بھگوان مہاویر کے یوم پیدائش پر مبارکباد۔ ان کے اصول اور نظریات عالمی بھائی چارے اور انسانی فلاح کا راستہ ہیں۔