بھدرواہ //وادی چناب کے چھُپے ٹیلنٹ کو باہر لانے کے لئے ممبئی میں مقیم ’بائونس آن بئیٹس سنگنگ اینڈ ائیروبیٹکس اسٹیڈیو(BBSAS) کی جانب سے وادی چناب کے مُختلف حصوں میں ’’ بھدرواہ گاٹ سُپر ٹیلنٹ ریالٹی شوکے لئے آڈیشن منعقد کیا۔بھدرواہ، ڈوڈہ او ر کشتواڑ میں منعقد کئے گئے ان آڈیشنوں کا مقصد وادی کے نوجوانوں کو موسیقی، رقص میں مشغول رکھنا اور انہیں اپنے ذہانت کو دکھانے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے،تاکہ وہ پیشہ وارانہ سطح پر اپنی قابلیت کا مظاہرہ کر سکیں۔اس سلسلہ میں منعقدہ دوسری نشست کے پہلے دور میں ڈوڈہ اور بھدرواہ کے105 خواہش مندوں نے اپنا نام درج کیا،جسکے بعد کشتواڑ میں7جولائی کو آڈیشن منعقد کیا جائے گا جبکہ بھدرواہ کے لئے8جولائی کو آڈیشن منعقد ہوگا۔ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے منتخب اُمیدواروں کا سیمی فائنل شو بھدرواہ کیمپس میں13 جولائی کو لل دید آڈیٹوریم میں منعقد ہوگاجبکہ فائنل15جولائی کو کیمونٹی ہال ڈوڈہ میں منعقد ہوگا۔BBSAS ممبئی کی چیئرپرسن اور کوریوگرافر ریحانہ خان نے کہا کہ بالی ووڈ میں15 سال گُذارنے کے بعد انہیں وادی بھدرواہ کے سر سبز سیر گاہوں اور پہاڑوں نے اسے کھینچ لایا ،تاکہ یہاں کے نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں کے ٹیلنٹ کا نکھار اجائے،جسکے لئے انہوں نے پولیس و انتظامیہ کے مدد کا شکریہ ادا کیا۔اس پروگرام میں بھدرواہ اور ڈوڈہ کے نوجوانوں نے خاص جو ش وخروش دکھایا اور اپنی بہتریں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔مقابلہ میں شرکت کرنے والی ناسکا ،بھدرواہ کی ایک طالبہ پلوی نے اس موقعہ پر کہا کہ ’’بیٹی بچائو ،بیٹی پڑھائو‘‘ کو فقط ایک نعرہ نہیں لیا جانا چاہیے بلکہ لڑکیوں کو اپنے من پسند فیلڈ میں شرکت کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔