بھدرواہ //نوجوانوں کو آرٹ کے تئیں جذبہ پیدا کرنے اور شرکا کو خوبصورت مناظر کا تجربہ فراہم کرنے کے مقصد سے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ،کلچر اینڈ لنگوئیجز ،سب آفس ڈوڈہ کی جانب سے بھدرواہ میں پانچ روزہ ’’آل انڈیا مصوری کیمپ‘‘ کا پیر کے روز افتتاح کیا گیا ۔بھدرواہ کی تاریخ میں یہ پہلا ایسا موقعہ ہے کہ آل انڈیا مصوری مقابلہ منعقد کیا گیا ،جس میں قومی سطح کے فنکاروں نے شرکت کی۔مصوری کیمپ منعقد کرنے کا مقصد علاقہ کے ورثہ اور تمدن کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں چھُپے ٹیلنٹ کا نکھار دینا تھا۔اس موقعہ پر بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر پروفیسر غلام محمد بٹ مہمان خصوصی تھے،جنھوں نے کلچرل افسر ڈوڈہ اسد اللہ وانی کے ساتھ اس پانچ روزہ مصوری کیمپ کا افتتاح کیا۔کیمپ میں قومی شہرت کے 12 کلا کاروں نے شرکت کی ،جن میں لکھنو، دہلی، ممبئی، اور بہار کے علاوہ ریاست جموں و کشمیر کے کلا کار بھی شامل تھے۔شرکا نے ایک ایسی خوبصورت جگہ میں مصوری کیمپ منعقد کرنے پر کلچرل اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔ کلچرل افسر اسد اللہ وانی نے اس موقعہ پر بتایا کہ کیمپ کے دروان کلا کار وادی بھدرواہ کے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔ اپنے خطاب میں ریکٹر پروفیسر غلام محمد بٹ نے کلچرل افسر کو صلاح دی کہ وہ کلا کاروں کو وادی کے مناظر دیکھنے کے لئے دورے پر لے جائیں۔ایسے کیمپ منعقد کرنے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے پروفیسر بٹ نے کہا کہ ریاست اور ملک کے مختلف حصوں سے کلا کاروں کو کیم پ میں شرکت کرنے کی دعوت سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوگا۔اور تمام کلاکاروں کو اپنی تخلیقی کاوشوں میں کامیابی کی تمنا کا اظہار کیا ۔انہوں نے کلا کاروں کو بھدرواقہ کیمپس کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔