عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی //وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے سوموار کے روز متھرا میں منعقد ہ ایک مذہبی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت دفاعی طور پرمضبوط طاقت بن رہا ہے جس کا اعتراف دنیا آج کررہی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ چین اور پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر مضبوط دفاعی پوزیشن قائم کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس نئے سال کے آخر تک لداخ میں جدید طرز کے آلات بھی نصب کئے جارہے ہیں تاکہ برفباری کے دوران بھی فوج ہر نقل و حمل پرنظر رکھ سکیں۔ متھرا میں دی دی سادھوی سترمبھرا کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اب دفاعی لحاظ سے طاقت ور ملکوں کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ بھارت اپنی دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ان کی وزارت دفاعی شعبے میں خود کفیل بننے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے تمام کوششیں کر رہی ہے۔ہماری حکومت ہندوستان کو ایک اسٹریٹجک معیشت بنانے کے لیے گھریلو دفاعی صنعتی ماحولیاتی نظام کی مضبوط بنیاد تیار کر رہی ہے۔وزارت دفاع کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے سنگھ نے زور دیا کہ پہلی بار ہتھیاروں کی درآمد کم ہوئی جبکہ برآمدات میں اضافہ ہوا۔اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ’’ایکس پر ‘‘ اس تقریب کاایک ویڈو جاری کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اس میں کہا ہے کہ ’’ہم نے پانچ مثبت مقامی فہرستیں جاری کیں، جس کے تحت 509 دفاعی آلات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی مینوفیکچرنگ اب مقامی طور پر کی جائے گی۔