یو این آئی
نئی دہلی// امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے ہندوستان میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں 100 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔کمپنی نے جمعرات کو بتایا کہ وہ ملک کی معروف قابلِ تجدید توانائی کمپنیوں میں سے ایک کلین میکس’ کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ ایپل کی 100 کروڑ روپے کی یہ ابتدائی سرمایہ کاری 150 میگاواٹ سے زیادہ قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، جس سے ہر سال تقریباً 1.5 لاکھ ہندوستانی گھروں کو بجلی فراہم کی جا سکے گی۔ مستقبل میں اس سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کا بھی امکان ہے۔
ایپل اس سے قبل بھی کلین میکس کے ساتھ مل کر چھتوں پر شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کر چکا ہے تاکہ ملک میں ایپل کے دفاتر اور ریٹیل اسٹورز کو سو فیصد قابلِ تجدید توانائی سے چلایا جا سکے۔ امریکی کمپنی کا ہدف ہے کہ سال 2030 تک اپنے تمام آپریشنز کو ‘کاربن نیوٹرل’ (کاربن کے اخراج سے پاک) بنا دیا جائے۔ایپل میں ماحولیات اور سپلائی چین انوویشن کی نائب صدر سارہ چانڈلر نے کہا، “ماحولیات کے تئیں ہماری وابستگی کمپنی کے اندر اور پوری دنیا میں جدت طرازی کی ایک محرک قوت ہے۔ ہمیں ہندوستان کی کلین انرجی اکانومی میں سرمایہ کاری بڑھانے اور ملک کے قیمتی قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے اپنی کوششوں کو وسعت دینے پر فخر ہے۔”اس کے علاوہ، ایپل ڈبلیو ڈبلیو ایف-انڈیا کے ساتھ مل کر ری سائیکلنگ اور کچرے کے بندوبست سے متعلق پروگراموں میں بھی تعاون کر رہا ہے۔ ایپل اب اس ماڈل کو کوئمبٹور سمیت نئے علاقوں میں مقامی انتظامیہ، برادریوں اور اس سے منسلک کارکنوں کے ساتھ مل کر وسعت دے رہی ہے۔اس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود کو یقینی بنانا ہے، تاکہ کچرے کے بندوبست کے نظام کو مزید موثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔