عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کی جموں وکشمیر اکائی نے اٹل بہاری واجپائی کے یوم پیدائش کوگڈ گورننس ڈے کے طور پر منایا۔اس سلسلہ میں پارٹی لیڈران و کارکنوں کی جانب سے جموں کے مختلف علاقوں میں تقریبات منعقد کی گئی جن کے دوران ملک کے سابقہ وزیر اعظم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنے کیساتھ ساتھ ان کی خدمات کو یاد کیا گیا ۔بی جے پی ضلع جموں کے صدر پرمود کپاہی کی قیادت میں جموں کے اٹل چوک، پنجتیرتھی میں اٹل بہاری واجپائی کی مورتی پر پھول چڑھائے ۔اس دوران ایم پی جگل کشور شرما، سابق ڈپٹی سی ایم کویندر گپتا، سابق وزیر ست شرما، پارٹی کے نائب صدر شام لال شرما اور انورادھا چاڑک، جنرل سکریٹری وبود گپتا اور ڈاکٹر دیویندر کمار منیال، سابق وزیر بالی بھگت، سابق ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا کیساتھ ساتھ دیگر لیڈران و کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔جگل کشور شرما نے سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک ان کی خدمات کو آنے والی صدیوں تک ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اٹل جی سب کے دوست تھے اور پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات بنانے کی کوشش کی۔کویندر گپتا نے اٹل بہاری واجپائی کی زندگی کے واقعات اور خوبیوں کی اہمیت کو بیان کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سماجی اور سیاسی اقدار کا بھی ذکر کیا۔ست شرما نے کہا کہ آج وزیر اعظم نریندر مودی اسی اصول کو ذہن میں رکھتے ہوئے ترقی کر رہے ہیں جو معاشرے میں آخری صف میں کھڑے آخری فرد کو فائدہ پہنچانے کو یقینی بناتا ہے۔شام لال شرما نے کہا کہ وہ اپنے دلوں میں مضبوط قوم پرستی کا جذبہ پیدا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹل جی ایک وقف سیاست دان، شاعر اور سماجی کارکن تھے۔وبود گپتا نے کہا کہ گڈ گورننس اٹل جی کا ویژن تھا جو لگن اور نظم و ضبط کی خوبیوں کے ساتھ گورننس فراہم کرتا ہے۔ڈاکٹر دیویندر منیال نے کہا کوواجپائی اپوزیشن کے لیڈر ہوتے ہوئے بھی دیگر حکومتوں کے اعتماد سے لطف اندوز ہوئے۔اسی طرح پارٹی لیڈران و کارکنوں کی جانب سے جموں کے چھنی علاقہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے دوران ملک کے سابقہ وزیر اعظم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔نینا گپتا سابق کارپوریٹر وارڈ نمبر 5 اور ایشانت گپتا (ایڈوکیٹ) اسٹیٹ ہیڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈپارٹمنٹ بی جے پی جموں و کشمیر نے وارڈ نمبر 5 چنی ہمت میں اٹل بہاری واجپائی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر بولتے ہوئے پون کمار نے واجپائی کی زندگی اور حکمرانی کے بارے میں بھی بات کی جو کہ گڈ گورننس کے دور کی حیثیت رکھتی ہے ۔