بھاجپابدعنوان سیاست دانوں کو گلے لگا رہی ہے : ہرش دیو مہنگائی اور عوام دشمن پالیسیوں سے لوگ پریشان

جموں//سابق وزیر اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اپنے حامیوں کا بھی اس کی پالیسیوں اور پروگراموں سے تیزی سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔سنگھ نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے واحد ایجنڈے کی پیروی کرتے ہوئے بی جے پی نے خود کو بے نقاب کیا ہے۔عام آدمی پارٹی کی بڑھتی ہوئی شہورت کے تناظر میں انتہائی غیر محفوظ ہونے کے بعد بی جے پی ہر کسی راہ چلتے کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے بے چین ہے یہ جانے بنا کہ اْس کی قابلیت کیا ہے۔ہرش دیو سنگھ چنینی حلقہ کے اپنے دو روزہ دورہ کے دوران کانسر گلی، کٹوالٹ میں ایک بڑے جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔عوام سے عام آدمی پارٹی کو مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقات اور یہاں تک کہ اس کے اپنے ووٹرز کے ساتھ بی جے پی کی حیران کن دھوکہ دہی کا مناسب جواب دینے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا، آئیے بی جے پی کی بے ایمان اور تخریب کاری کے تمام اعمال کا مناسب جواب دینے کے لیے ہاتھ ملائں۔ یاد رکھیں یہ واجپائی یا ایل کے اڈوانی کے دور کی بی جے پی نہیں ہے، یہ بی جے پی وہ نہیں ہے جس نے شیاما پرساد مکھرجی کے اصولوں پر عمل کیا ہو اس بی جے پی کا تو اخلاقی ہالہ بکھر چکا ہے۔ سنگھ نے مزید کہا ، “آج کی بی جے پی کانگریس، این سی، پینتھرس، پی ڈی پی وغیرہ کے سیاسی موقع پرستوں کا ایک گروپ ہے جس کا واحد مقصد اقتدار پر قبضہ کرنا ہے چاہے انہیں اس کے لیے کسی بھی حد تک گرنا پڑے “۔