ملبورن/یو این آئی/آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ 2025-26 کے اپنے افتتاحی میچ میں میلبورن اسٹارز نے دھماکے دار آغاز کیا ہے ۔ ‘پلیئر آف دی میچ’ مارکس اسٹوئنس کی ناقابلِ شکست نصف سنچری اور کیمبل کیلاوے کی پراعتماد بلے بازی کی بدولت اسٹارز نے ہوبارٹ ہریکینز کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوبارٹ ہریکینز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ اوپنرز مچ اوون اور ریحان احمد جلد پویلین لوٹ گئے ، جبکہ نکھل چودھری بھی کچھ خاص نہ کر سکے ، جس کے باعث ٹیم 36 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی۔اس مشکل گھڑی میں بین میک ڈرموٹ (69) اور ٹیم ڈیوڈ (31) کے درمیان 83 رنز کی شراکت نے ٹیم کو سہارا دیا، لیکن میلبورن اسٹارز کے گیند بازوں نے نپی تلی بالنگ سے رنز کی رفتار پر قابو پایا۔ ایک وقت پر ہریکینز کا اسکور 140/4 تھا، لیکن آخری اوورز میں وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 158/9 تک ہی محدود رہ گئی۔ اسٹارز کی جانب سے پیٹر سڈل نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میلبورن اسٹارز کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا۔ تھامس روجرز (30) اور جو کلارک (20) نے 46 رنز فراہم کیے ، لیکن بنگلہ دیشی اسپنر رشاد حسین نے دونوں کو آؤٹ کر کے میچ میں واپسی کی کوشش کی۔تاہم، کریز پر آتے ہی مارکس اسٹوئنس نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے محض 31 گیندوں پر 62 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 2 فلک شگاف چھکے شامل تھے ۔