منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے
سرینگر// سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے منشیات کے بڑھتے رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے، تاہم بے قصور خاندانوں کو ہراساں یا سزا نہیں دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے، لیکن کارروائی کے دوران انسانی پہلو اور بے گناہ خاندانوں کے مسائل کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہئے۔ محبوبہ مفتی نے دور دراز جیلوں میں بغیر مقدمہ چلائے قید کشمیری قیدیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قیدیوں کو قانونی ذرائع کے ذریعے ان کے گھروں کے قریب جیلوں میں منتقل کرانے کیلئے کوششیں جاری ہیں تاکہ ان کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے اینٹ بھٹہ مالکان کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی مالکان نے تمام سرکاری ضابطوں اور ماحولیاتی تقاضوں کو پورا کیا ہے، اس کے باوجود انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔سابق وزیر اعلی نے ٹرانسپورٹ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اسمارٹ سٹی بسوں کی غیر متوازن تعیناتی کی وجہ سے ٹیکسی آپریٹروں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محبوبہ مفتی نے بھرتی عمل میں مبینہ بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جانبداری کے باعث مستحق امیدواروں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریزرویشن پالیسی میں حالیہ تبدیلیوں پر بھی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ان فیصلوں سے کئی امیدوار خود کو مایوس اور محروم محسوس کر رہے ہیں۔